نوجوان نسل میں مطالعہ کا شوق پیدا کرنے کی ضرورت : جسٹس رمنا

   

سیل فون کے باوجود بُک فیئر میں نوجوانوں کی آمد پر اظہار مسرت
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ نوجوان نسل میں کتابوں کے مطالعہ کا ذوق پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ موبائیل فونس کے نتیجہ میں زندگی کے معمولات میں کافی فرق آچکا ہے۔ جسٹس این وی رمنا نے حیدرآباد کے این ٹی آر اسٹیڈیم میں منعقدہ 34 ویں بُک فیئر کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے مختلف اسٹالس کا دورہ کرتے ہوئے کتابوں میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ورزش اور کتابوں کے مطالعہ سے زندگی میں کئی تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر بھونگیر ضلع کے رامنا پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے کے وی دھرما کو تہنیت پیش کی جنہوں نے اپنے گھر کو لائبریری میں تبدیل کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ موجودہ نسل کو کتابوں سے قریب کرنے میں لائبریریز اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیل فون نے عوام کے معمولات کو تبدیل کردیا ہے باوجود اس کے نوجوانوں کا بُک فیئر میں شرکت کرنا حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید کی جاسکتی ہے کہ نوجوان نسل میں مطالعہ کا شوق کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ کم از کم دو تا تین گھنٹے کا وقت کتابوں کے مطالعہ میں صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ترقی کیلئے نالج کا حصول اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجس میں لائبریری اور پلے گراؤنڈ کے قواعد پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ حکومتوں کو اس مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہیئے۔ چیف جسٹس نے بعض کتابیں خریدیں اور مختلف اسٹالس کا گھوم کر معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اسکولی بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصویر کھنچوائی۔ر