نڈال نے ریکارڈ 12 مرتبہ فرنچ اوپن جیت لیا

   

پیرس ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافل نڈال نے کلے کورٹ پر تاریخ رقم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 12واں فرنچ اوپن خطاب جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پیرس میں کھیلے گئے فرنچ اوپن کے فائنل میں کلے کورٹ کے بادشاہ نڈال کا مقابلہ آسٹریا کے ڈومینک تھیم سے تھا۔نڈال نے مقابلے کی ابتدا میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے پہلا سٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا تاہم دوسرے سٹ میں تھیم نے شاندار انداز میں واپسی کی۔ دوسرے سٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور تھیم نے نڈال کے خلاف بہترین مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹ 5-7 سے جیت لیا لیکن اس کے بعد نڈال نے اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ کیا اور اگلے دونوں سٹس میں تھیم کو بے بس کرتے ہوئے 6-1 اور6-1 سے مات دے کر ایک مرتبہ پھر فرنچ اوپن چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ نڈال کے کیریئر کا 12واں فرنچ اوپن اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک ہی گرانڈ سلام سب سے زیادہ مرتبہ جیتنے کا اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا دیا۔ اس فتح کے بعد نڈال کے گرانڈ سلام ٹورنمنٹس کی جملہ تعداد 18 ہو گئی ہے اور وہ سب سے زیادہ 20گرانڈ سلام جیتنے والے راجر فیڈرر سے صرف دو خطابات پیچھے ہیں۔ 33سالہ کھلاڑی کی فرنچ اوپن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اس میدان پرجملہ 95 میچز کھیلے ہیں جن میں سے انہیں صرف دو میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور 93 میچوں میں فتح نے ان کے قدم چومے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کا فائنل بھی نڈال اور تھیم کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا اور اس مقابلے میں ہسپانوی اسٹار نے راست سٹوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔