نیشنل میڈیکل کمیشن بل کی کل لوک سبھا میں پیشکشی

   

مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کا بیان ‘ میڈیکل کونسل کو تبدیل کیا جائیگا
حیدرآباد 20 جولائی ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے آج کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن بل کو 22 جولائی کو لوک سبھا میں پیش کیا جائیگا ۔ اس بل کے ذریعہ طبی تعلیم کے شعبہ میں بڑی تبدیلیاں لانے اور میڈیکل کونسل آف انڈیا کو تبدیل کرنے کی گنجائش فراہم کی جائیگی ۔ مسٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اس بل کو پارلیمنٹ میں جمعہ ہی کو پیش کیا جانے والا تھا تاہم کچھ فنی وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا جاسکا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال یہ کہہ سکتے ہیں کہ 22 جولائی کو یہ بل لوک سبھا میں پیش کردیا جائیگا جس کے ذریعہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کو تبدیل کرنے کی گنجائش فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال میڈیکل کونسل آف انڈیا کی بجائے ایک بورڈ آف گورنرس کام کر رہا ہے ۔ اس عمل کو باضابطہ انداز دیا جائیگا اور اسی لئے نیشنل میڈیکل کمیشن بل لوک سبھا میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ اس بل کو کابینہ نے منظوری دیدی ہے ۔ انہں نے کہا کہ وہ اس بل کو کل ہی پیش کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم اس میں کچھ فنی خامیاں تھیں جس کی وجہ سے ایسا نہیں کیا جاسکا ہے اور اب اس بل کو 22 جولائی کو لوک سبھا میں پیش کردیا جائیگا ۔