نیشنل پولیس اکیڈیمی میں کل آئی پی ایس پروبیشنرس کی پاسنگ آوٹ پریڈ

   

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی شرکت ، پولیس کے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد : /9 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 74 ویں آئی پی ایس پروبیشنرس کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا مشاہدہ کریں گے ۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں /11 فبروری کو منعقد ہونے والی پریڈ میں 195 نو منتخب آئی پی ایس عہدیدار پریڈ میں شرکت کریں گے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس اکیڈیمی کے ڈائرکٹر اے ایس رنجن نے کہا کہ 2023 ء آئی پی ایس پاسنگ آؤٹ پریڈ کیلئے جملہ 195 پولیس عہدیداروں کو تربیت دی گئی ہے جس میں 166 ہندوستانی عہدیدار ہیں جبکہ 29 بیرون ممالک ، بشمول بھوٹان ، مالدیپ ، نیپال اور ماریشیس شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان عہدیداروں کو 105 ہفتوں کی کڑی ٹریننگ دی گئی جس میں 15 ہفتوں کا فاؤنڈیشن کورس شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 30 ہفتوں کیلئے انہیں مختلف ریاستوں میں پریکٹیکل ٹریننگ کیلئے بھی لے جایا گیا تھا اور ٹریننگ کے ماڈیول اس قسم کا تیار کیا گیا ہے کہ پولیس عہدیدار موجودہ چیلنجس سے نمٹ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس پروبیشنرس کو سی آر پی سی ، آئی پی سی ، فارنسک اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹکنالوجی ، انسانی حقوق اور یوگا سے بھی واقف کروایا گیا ۔ مسٹر رنجن نے کہا کہ موجودہ بیاچ میں 37 خاتون آئی پی ایس پروبیشنرس شامل ہیں جس میں پریڈ میں 23 فیصد خواتین کا کوٹا ہے ۔ ڈائرکٹر نے مزید بتایا کہ پریڈ کی سرپرستی کیرالا کیڈر سے تعلق رکھنے والے کے ایس شہنشاہ کریں گے جو آل راؤنڈ ٹاپر ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی نے نلسار یونیورسٹی سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ٹرینی عہدیداروں کو قانون کی تربیت دی جائے گی اور انہیں ڈپلوما بھی دیا جائے گا ۔ کڑی ٹریننگ کے تحت نوجوان آئی پی ایس عہدیداروں کو گرے ہانڈس ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف اور ماؤسٹ متاثرہ علاقوں کے علاوہ جموں و کشمیر کی دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو بھی لے جایا گیا تھا اور انہیں انتخابات میں بھی تعینات کیا گیا تھا ۔ رنجن نے کہا کہ ٹرینی عہدیداروں کو سائبر کرائمس اور سیکوریٹی کی تربیت بھی دی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کی آمد کے پیش نظر پولیس اکیڈیمی کے اطراف و اکناف علاقوں میں سیکوریٹی کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ ب