واشنگٹن : ایک درانداز نے کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے کیفلورنیا میں واقع گھر میں جمعہ کے روز گھس کر ان کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس سے ان کا سر پھٹ گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اس حملے کو قابل نفرت قرار دیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے ترجمان ڈریو ہیمل نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ نینسی پیلوسی کے شوہر اس وقت زخمی ہوگئے جب ایک حملہ آور نے کیلفورنیا میں واقع ان کے گھر میں گھس کر ان پر ہتھوڑے سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں ان کی کھوپڑی میں فریکچر ہو گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ82 سالہ پال پیلوسی کی ہسپتال میں سرجری ہوئی ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور نینسلی پیلوسی کی تلاش میں تھا لیکن وہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں واشنگٹن میں تھیں اور جس وقت حملہ ہوا اس وقت پال گھر میں اکیلے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ نینسی پیلوسی اور ان کے 5بچے سان فرانسسکو پہنچ رہے ہیں۔ سان فرانسسکو کی پولیس کے سربراہ بل اسکاٹ نے بتایا کہ پولیس نے حملہ آور کو پیلوسی کے گھر سے رات ڈھائی بجے حراست میں لے لیا۔ اس وقت پیلوسی خود کو بچانے کے لیے حملہ آور سے مقابلہ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے پال پیلوسی پر ہتھوڑا کھینچ لیا اور اس سے ان پر حملہ کر دیا۔ اور کم از کم ایک بار پال کو ہتھوڑا مارا گیا۔ حملہ آور کی شناخت 42 سالہ ڈیوڈ ڈیپاپے کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے حوالے سے مزید کچھ بتانے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ مئی میں پال پیلوسی کو شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے ایک حادثے کا قصوروار قرار دیا گیا تھا اور انہیں 5 دن جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔