نیوزی لینڈ حملہ کی تعریف پر امارات میں ایک شخص برطرف اور اخراج

   

دبئی ۔ 20مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) دبئی کی صیانتی کمپنی کے ایک ملازم کو برطرف اور ملک سے خارج کردیا گیا کیونکہ اس نے نیوزی لینڈ کی مسجد میں مہلک حملہ کی تعریف کی تھی ۔ اس شخص کی شناخت فیس بک پر شائع کی جاچکی ہے ۔ ہفتہ کے دن کمپنی کے ایک ملازم نے اشتعال انگیز تبصرے شخصی فیس بک اکاؤنٹ پر کئے تھے اور نیوزی لینڈ کی مسجد پر قابل مذمت حملوںکی تعریف کی تھی ۔ یہ حملے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کے دوران کئے گئے تھے جن سے مبینہ طور پر 49افراد شہید ہوئے تھے ۔ اس قتل عام پر عالمی سطح سے مذمت کی لہر شروع ہوگئی اور متحدہ عرب امارات میں بھی وزارت خارجہ سے ایک مذمتی بیان جاری کیا تھا جس میں متحدہ عرب امارات کی نیوزی لینڈ سے پوری یکجہتی کا تیقن دیا گیا تھا اور انتہا پسندی و دہشت گردی سے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی گئی تھی ۔