نیوزی لینڈ ۔پاک ٹی 20 سیریز کا آج آغاز

   

راولپنڈی ۔ پاکستان اور مہمان نیوزی لینڈ ٹیم کے درمیان 5 ٹی20 مقابلوں کی سیریز کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے اور رواں برس ورلڈ کپ کیلئے یہ سیریز دونوں ہی ٹیموں کیلئے اہم ہوگی ۔ پاکستانی ٹیم میں محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے جبکہ مہمان ٹیم کو آئی پی ایل کی وجہ سے کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات دستیاب نہیں ہیں۔ اس ضمن میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارک چپمین نے کہا ہے کہ ٹیم میں سینئرکھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیوی کھلاڑی نے مزیدکہا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی اچھی سیریز ہوگی۔ مارک چپمین نے کہا کہ ہرکھلاڑی کا اپنے ملک کے لیے کھیلنا فخرکی بات ہوتی ہے۔ نیوزی لینڈ کے چند نئے کھلاڑیوں نے ٹسٹ کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان مضبوط ٹیم ہے، اپنے گھریلو حالات میں وہ خطرناک ٹیم ہے۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں بات کرتے ہوئے مارک چپمین نے کہا کہ محمد عامر معیاری بولر ہیں، فاسٹ بولنگ کا ٹیلنٹ پاکستان کے پاس ہمیشہ ہوتا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے پاکستان کے پاس بولرس اور بیٹرز باصلاحیت ہیں، پاکستان کا ٹاپ آرڈرکافی مضبوط ہے۔ اظہر محمود نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا اسکواڈ نیا ہے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ میں صلاحیت والا کھلاڑی کافی جلدی سامنے آجاتا ہے۔
کپتان پاوول ورلڈکپ ٹیم میں
سنیل کی شمولیت کے خواہاں
نئی دہلی ۔ ویسٹ انڈیز کے ٹی20 کپتان راومن پاوول نے سنیل نارائن کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کی خواہش ظاہرکردی ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹی 20 کپتان راومن پاوول نے کہا ہے کہ پچھلے ایک سال سے اس بارے میں سنیل سے بات کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سنیل فی الحال اس بارے میں کچھ گفتگو نہیں کررہے، تاہم میں نے ان کے قریبی دوستوں کے ذریعے بھی پیغام پہنچائے ہیں۔ پاوول نے مزیدکہا ہے کہ میں نے پولارڈ، براوو، نکولس پورن سے کہا کہ وہ سنیل سے بات کریں، امید ہے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان سے قبل وہ سنیل کو منالیں گے۔ واضح رہے کہ سنیل نے آخری انٹرنیشنل میچ 2019 میں کھیلا تھا، گزشتہ برس انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی لے لی ہے لیکن وہ آئی پی ایل کے رواں ایونٹ میں اوپنر بن کر بیٹنگ میں کمال دکھا رہے ہیں جبکہ انہوں نے گزشتہ رات سنچری بھی اسکور کی ہے جبکہ بولنگ میں تو وہ پہلے ہی جادوگر ثابت ہوئے ہیں۔
شریاس پر12 لاکھ کا جرمانہ
کولکتہ: کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان شریاس ایر پر راجستھان رائلز کے خلاف آئی پی ایل کے مقابلے کے دوران سست اوور ریٹ رکھنے پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جوس بٹلر نے 60 گیندوں پر ناقابل شکست 107 رن بنا کر کے کے آر کو منگل کو یہاں رائلز سے دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔