واٹس ایپ کے نئے فیچر سے ویڈیو کالز مزید بہترین

   

واشنگٹن: واٹس ایپ کا استعمال دوستوں اور گھر والوں کو میسجز بھیجنے کے لیے ہی نہیں کیا جاتا بلکہ اس میں وائس اور ویڈیو کال سپورٹ بھی موجود ہے۔میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ویڈیو کالز کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے اور مختلف فیچرز جیسے اسکرین شیئرنگ اور کال لنکس وغیرہ متعارف کرائے گئے۔مگر اب تک واٹس ایپ صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنے پیچھے کے منظر کو چھپا نہیں سکتے تھے۔مگر اب آپ واٹس ایپ ویڈیو کالز کے دوران بیک گراؤنڈ کو تبدیل کرسکیں گے کیونکہ کمپنی کی جانب سے مختلف فلٹرز اور بیک گراؤنڈز ایفیکٹس کو میسجنگ ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔میٹا کی جانب سے 10 فلٹرز اور 10 بیک گراؤنڈز کو واٹس ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جن کو آپ ویڈیو کالز کے دوران استعمال کر سکتے ہیں۔کمپنی کے مطابق انفرادی یا گروپ ویڈیو کالز دونوں میں فلٹرز اور بیک گراؤنڈ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا اور یہ اپ ڈیٹس آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گی۔