وجے نے خواتین کیلئے بسوں میں مفت سفر کی توسیعی اسکیم شروع کی

   

چنئی، 2 اکتوبر (یواین آئی) تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یومِ پیدائش کے موقع پر چنئی کے کوئمبیدو بس ٹرمینس پر خواتین کے لیے ’مفت بس سفر‘ کی توسیعی اسکیم کا آغاز کیا۔وزیر اعلیٰ نے اگست میں ریاستی اسمبلی میں کیے گئے اعلان کے مطابق مختلف مقامات کے لیے چلنے والی مخصوص بسوں میں خواتین کو مفت سفر کے ٹکٹ جاری کرکے اسکیم کی توسیع کا آغاز کیا۔ انہوں نے خاتون مسافروں سے بات چیت بھی کی۔ خواتین نے ان کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ہاتھ ملایا، جبکہ بزرگوں نے انہیں دعائیں دیں۔واضح رہے کہ یہ اسکیم خواتین کے لیے پہلے سے جاری مفت بس سفر کی اسکیم کی ہی توسیع ہے ۔ اس کا مقصد عوامی نقل و حمل تک رسائی کو بڑھانا ہے ، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جو کام کی جگہوں، تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور دیگر ضروری خدمات کے لیے سفر کرتی ہیں۔مفت سفر کی سہولت کو عام شہری بسوں سے آگے بڑھاتے ہوئے میٹروپولیٹن اور شہری علاقوں میں چلنے والی ایکسپریس، ایل ایس ایس اور ڈیلکس بسوں تک بھی توسیع دی گئی ہے ۔
اس میں عام بسیں اور کارپوریشن، میونسپلٹی، ٹاؤن پنچایت اور پہاڑی علاقوں میں چلنے والی عام بسیں بھی شامل ہوں گی۔ریاستی ٹرانسپورٹ اداروں کے زیر انتظام مجموعی طور پر 12,695 سرکاری بسیں اس اسکیم کے دائرے میں آئیں گی۔ یہ ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے زیر انتظام 18,413 مقررہ روٹس پر چلنے والی بسوں کا تقریباً 69 فیصد ہے ۔ ان خدمات کے ذریعے روزانہ مجموعی طور پر 1,68,500 مقررہ سنگل ٹرپس ہوں گی، جس سے روزانہ تقریباً 84.32 لاکھ خواتین مستفید ہوں گی۔حکومت نے جمعہ کو اسکیم کے آغاز سے قبل بسوں میں الیکٹرانک ٹکٹنگ مشینوں کے ساتھ اس اسکیم کو مربوط کرنے کا کام مکمل کرلیا تھا اور آزمائشی سفر بھی کیے تھے ۔