نیو چنڈی گڑھ، 4 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گِل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیزکے خلاف ونڈے سیریز جیتنے کے باوجود آئندہ ورلڈکپ سے پہلے ٹیم کو فیلڈنگ اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کے شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ تیسرے ونڈے میں ویسٹ انڈیزکے خلاف شکست کے بعد گِل نے کہا کہ کئی بار ٹیم کی حکمت عملی واضح نہیں ہوتی کہ اسے جارحانہ انداز اپنانا ہے یا دفاعی حکمت عملی اختیارکرنی ہے ۔ خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں بولنگ کے دوران یہ مسئلہ سامنے آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ونڈے کرکٹ میں جب حریف ٹیم کے پانچ یا چھ وکٹ گر چکے ہوں تو درست فیلڈ ترتیب دینا آسان نہیں ہوتا اور ٹیم اکثر اس تذبذب کا شکار ہوجاتی ہے کہ ڈیتھ اوورزکی حکمت عملی پہلے اپنائی جائے یا مڈل اوورزکی طرح حملہ جاری رکھا جائے ۔ ان شعبوں میں ٹیم کو یقینی طور پر بہتری لانی ہوگی۔ ہندوستان نے اس سیریز میں جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا کے بغیر شرکت کی۔ 2027 کے ورلڈکپ سے قبل ہندوستان کو بہت کم ونڈے کھیلنے ہیں اور اس کا ذکر ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی کرچکے ہیں۔ ٹیم کے انتخاب سے واضح ہے کہ ہندوستان صرف میچ جیتنے کے بجائے نئے متبادل کھلاڑیوں کو آزمانے پر بھی توجہ دے رہا ہے ۔ محمد سراج نے سیریزکے تین میں سے صرف ایک میچ کھیلا اور اس میں بھی ڈیتھ اوورز میں بولنگ نہیں کی۔ نیو چندی گڑھ میں ڈیبیو کرنے والے انشول کمبوج، گرنور برار اور آف اسپنر نمن دھیر نے بھی آخری10 اوورز میں بولنگ کی، جبکہ گوہاٹی میں ڈیبیو کرنے والے عاقب نبی نے بھی اننگزکے آخری اوورز میں ویسٹ انڈیز کو روکنے میں کردار ادا کیا۔دونوں ٹیموں کے بولروں کی جم کر پٹائی ہوئی کیونکہ حالات ان کے حق میں نہیں تھے ، تاہم اس دوران حاصل ہونے والا تجربہ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ میں ہندوستان کے کام آئے گا۔ اس سے بیک اپ کھلاڑیوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ انہیں کس معیار کی کارکردگی پیش کرنی ہوگی، جبکہ اہم کھلاڑی واپسی کی تیاری میں ہیں۔ ہفتہ کو ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چار رن پر دو وکٹ گنوادیے ، اس کے باوجود ٹیم نے 351رنز بنائے ۔تین میچوں میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے گِل نے کہا کہ وہ مجموعی طور پر کافی حد تک مطمئن ہیں، لیکن اب بھی کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا،مجھے لگتا ہے کہ ہماری فیلڈنگ مزید بہتر ہوسکتی ہے ۔ پوری سیریز میں ہم نے چھ یا سات کیچ چھوڑے ، جو ورلڈ کپ سے پہلے اچھا اشارہ نہیں ہے ۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی فیلڈنگ بہترین معیار کی ہو۔