حصول اراضی کے لیے 295 کروڑ روپئے مختص ، دسمبر میں سنگ بنیاد رکھنے کی تیاری
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : ورنگل کے تاریخی منمور ایرپورٹ کے قیام اور جامع توسیع کے اقدامات اب اپنے سب سے اہم اور قطعی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ورنگل اور تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منمور ایرپورٹ کے لیے مناسب نام تجویز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں ہی ایرپورٹ کا دیرینہ خواب اب زمینی سطح پر حقیقت کا روپ اختیار کررہا ہے ۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال کے طویل عرصے میں صرف خاندانی مفادات اور پرتعش فارم ہاوزس پر توجہ مرکوز رکھی اور ایرپورٹ کے قیام پر کوئی عملی اقدامات نہیں کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے حصول اراضی کے لیے 295 کروڑ روپئے مختص کر کے ضروری زمین حاصل کی اور اسے ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے حوالے کردیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ صرف ایرپورٹ نہیں ہے بلکہ شمالی تلنگانہ کے لیے صنعتوں ، سیاحت ، تعلیم ، روزگار اور نئی سرمایہ کاری کا ایک نیا گیٹ وے قرار دیا اور کہا کہ وہ منمور ایرپورٹ سے پہلی پرواز کے منتظر ہیں ۔ دوسری جانب ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے تمام اجازت ناموں ، اراضی کے حصول اور تکنیکی معائنے کے مراحل کو مکمل کرتے ہوئے تعمیری کاموں کو تین مختلف پیاکیجس میں تقسیم کر کے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ابتدائی دو پیاکیجس کے کاموں کے لیے الگ الگ ٹنڈر کا عمل پہلے ہی کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے ۔ پہلے پیاکیج کے تحت ایرپورٹ کی 953 ایکر اراضی کے اردگرد باونڈری وال کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا جب کہ دوسرے پیاکیج کے تحت جدید رن وے ، احاطے میں گاڑیوں کی پارکنگ اور سیوریج سسٹم قائم کیا جائے گا ۔ پراجکٹ کے تیسرے اور حتمی پیاکیج کے تحت 213.59 کروڑ روپئے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ، ڈومیسٹک ٹرمنل بلڈنگ ، ایر ٹریفک کنٹرول ٹاور ، فائر اسٹیشن اور الیکٹرک سب اسٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ ایر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے اس فائنل پیاکیج کے لیے حال ہی میں ٹنڈرس طلب کیا ہے اور تمام دستاویزی کارروائیاں نومبر تک مکمل کرنے کی تیاری کی گئی ہے ۔ ایرپورٹ اتھاریٹی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تمام تکنیکی مراحل کی تکمیل کے بعد دسمبر 2026 میں ورنگل ایرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔۔ 2/m/b