ورنگل میں آٹو پانی میں بہہ گیا ، نعش جھاڑیوں میں دستیاب

,

   

پولیس نے آٹو ڈرائیور کی مادھوکر کی حیثیت سے شناخت کی ، پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے
حیدرآباد :۔ حالیہ بارش میں سب سے زیادہ متحدہ ضلع ورنگل بہت زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ شہر ورنگل پوری طرح پانی میں محصور ہوگیا ۔ بستیاں اور کالونیاں پوری طرح جھیل میں تبدیل ہوگئے ۔ سڑکوں پر جہاں تک نظر جارہی تھی صرف پانی ہی پانی نظر آرہا تھا ۔ ورنگل ضلع ایناوا منڈل کے حدود میں ایک آٹو پانی میں بہہ گیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ آٹو ڈرائیور ٹی مادھوکر ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب ایناوا کے سب انسپکٹر نرسمہا راؤ نے بتایا کہ مادھوکر 16 اگست اتوار کی رات میں مسافرین کو پنتھنی کے مضافات میں پہونچایا ۔ واپس ہونے کے دوران پنتھنی سے وہ تیز پانی میں ندی عبور کرنے کے دوران آٹو کے ساتھ بہہ گیا ۔ منگل کی صبح سیلاب کے پانی کا بہاؤ کم ہونے پر پتہ چلا کہ ایک طرف آٹو ہے تو دوسری طرف مادھوکر کی نعش جھاڑیوں میں پھنسی ہوئی پائی گئی ۔ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران مقامی عوام کی نشاندہی پر نعش کو جھاڑیوں سے باہر نکالا اور بغرض پوسٹ مارٹم ہاسپٹل کو منتقل کیا ۔ ایک مقدمہ درج کرنے کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا ۔۔