ورنگل میں چھوٹے بھائی کا بڑے بھائی اور ارکان خاندان پر وحشیانہ حملہ‘ تین افراد برسر موقع ہلاک

   

ورنگل ۔ ضلع ورنگل کے ایل بی نگر میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جہاں چھوٹے بھائی نے اپنے حقیقی بڑے بھائی اور ان کے افراد خاندان پر چاقوؤں اور کلہاڑیوں سے مبینہ طور پر حملہ کیا ۔اس حملہ میں تین افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق محمد چاند پاشاہ نامی شخص اپنے افراد خاندان کے ساتھ ایل بی نگر میں مقیم ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ان دونوں بھائیوں میں تقریبا ایک کروڑ کی کاروباری لین دین کو لیکر جھگڑے چل رہے تھے ۔اس معاملہ کو لیکر برہم چھوٹے بھائی شفیع نے اپنے بڑے بھائی چاند پاشاہ اور ان کے افراد خاندان پر اپنے 9ساتھیوں( جو رشتہ دار تھے )کے ساتھ حملہ کردیا جو محو خواب تھے۔ چاند پاشاہ ( 50)سال،انکی اہلیہ صابرہ بیگم 42سال اور 40سالہ خلیل کی اس حملہ میں برسر موت واقع ہوگئی جبکہ چاند پاشاہ کا بیٹا ناہید اور سمیر شدید زخمی ہو گئے ۔مقتول چاند پاشاہ کی بیٹی روبینہ نے پولیس کو یہ اطلاع دی ۔ ٹی آر ایس اور دیگر مقامی قائدین نے ایم جی ایم ہاسپٹل پہنچ کر نعشوں کا معائنہ اور زخمی افراد سے ملاقات کی اور افراد خاندان کو پرسہ دیا ۔