ورنگل کی بی آر ایس امیدوار کڈیم کاویا مقابلہ سے دستبردار

   

بی آر ایس کے مسائل میںاضافہ ۔ والد کڈیم سری ہری بھی کانگریس سے رابطے میں؟
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی کو بہت بڑا دھکہ پہونچا ہے۔ حلقہ لوک سبھا ورنگل کی بی آر ایس امیدوار کڈیم کاویا مقابلہ سے دستبردار ہوگئیں۔ انہوں نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنے فیصلہ سے بی آر پارٹی سربراہ کے سی آر کو واقف کرایا۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ریاست میں بی آر ایس کا گراف بڑی تیزی سے گرتا جارہا ہے۔ موجودہ کئی ارکان پارلیمنٹ کانگریس اور بی جے پی میں شامل ہوگئے، کئی قائدین نے مقابلہ سے انکارکردیا، کئی قائدین پارٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔ پارٹی انہیں مسائل میں الجھی ہوئی ہے کہ ورنگل کی امیدوار سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی دختر کڈیم کاویا نے مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کا اعلان کرکے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ اس فیصلہ سے بی آر ایس کیڈر میں مزید مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کڈیم کاویا نے نہ صرف مقابلہ سے دستبرداری اختیار کی ہے بلکہ وہ بی آر ایس سے مستعفی ہونے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہیں۔ بی آر ایس کے خلاف بدعنوانیوں، اراضیات پر قبضے، شراب اسکام، ٹیلی فون ٹیاپنگ کے معاملات منظرِ عام پر آنے کے بعد کڈیم کاویا نے مقابلہ کرنے کے فیصلہ پر نظرِ ثانی کی ہے۔ انہیں اندازہ ہوگیا ہے کہ ریاست میں مخالف بی آر ایس لہر چل رہی ہے۔ پہلی مرتبہ بی آر ایس سے مقابلہ کرتے ہوئے وہ سیاسی مستقبل کو داؤ پر لگانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بی آر ایس کے ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری بھی بی آر ایس سے دستبردار ہوکر کانگریس میں شامل ہونے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور وہ کانگریس سے رابطے میں ہیں۔ تاہم کڈیم سری ہری نے اپنی دختر کے انتخابی مقابلہ سے دستبرداری اور اپنے پارٹی تبدیل کرنے کی لگاتار قیاس آرائیوں پر ابھی تک کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔2