وزیراعظم جاپان شینزوآبے کا دورۂ ہند منسوخ

,

   

گوہاٹی میں منعقد شدنی سالانہ اجلاس کی نئی تاریخ کا عنقریب اعلان
احتجاجیوں نے آبے کے دورہ کیلئے نصب کئے گئے خیرمقدمی ہورڈنگس بھی گرادیئے

ٹوکیو ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم جاپان شینزوآبے اپنے تین روزہ دورہ ہند کو منسوخ کرنے پر غوروخوض کررہے ہیں جو دراصل سالانہ بنیاد پر وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے جس کیلئے 15 تا 17 ڈسمبر کی تاریخوں کا تعین کیا گیا تھا۔ بتایا جارہا ہیکہ اس وقت گوہاٹی میں حالات انتہائی ابتر ہوچکے ہیں جہاں دونوں قائدین کی ملاقات ہونا طئے تھی۔ یاد رہیکہ ہندوستان میں نئے متعارف کردہ سٹیزن شپ (ترمیمی) بل (جو اب قانون بن چکا ہے) کے خلاف آسام میں شدید احتجاج ہورہا ہے جہاں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں جبکہ وہاں امتناعی احکامات نافذ ہیں لیکن احتجاجی اس کی پرواہ کئے بغیر متنازعہ قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس فائرنگ میں اب تک دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گوہاٹی میں وزیراعظم جاپان شینزوابے کے دورہ کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے بڑے خیرمقدمی ہورڈنگس کو احتجاجیوں نے گرادیا۔ دوسری طرف وزارت خارجہ ہند کے ترجمان رویش کمار سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا 15 تا 17 ڈسمبر آبے ۔ مودی ملاقات اپنے پروگرام کے مطابق ہوگی تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا جبکہ دوسری طرف جاپان کے جی جی پریس کے مطابق وزیراعظم شینزوآبے ہندوستان کا دورہ منسوخ کرنے پر غور کررہے ہیں کیونکہ گوہاٹی میں اس وقت سیکوریٹی صورتحال تشویشناک ہے۔ رویش کمار سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا حکومت اس سالانہ اجلاس کے مقام کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو اس کا بھی انہوں نے صرف یہ جواب دیا کہ فی الحال وہ اس معاملہ میں کوئی وضاحت کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہیں تازہ ترین صورتحال کے بارے میں پوری معلومات نہیں ہے تاہم کچھ ہی دیر بعد دوبارہ رابطہ کرنے پر رویش کمار نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان دونوں نے ہی یہ فیصلہ کیا ہیکہ اس سالانہ اجلاس کی تاریخ کو آگے بڑھادیا جائے اور عنقریب دورہ کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ سٹیزن شپ (ترمیمی) بل (CAB) کو پیر کے روز لوک سبھا میں منظور کیا گیا تھا اور اس کے بعد جمعرات کے روز صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کی دستخط کے بعد بل قانون میں تبدیل ہوگیا۔