وزیراعظم مودی نے تلنگانہ میں 7200 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا

   

lبیگم پیٹ ایرپورٹ پر سیول ایویشن ریسرچ آرگنائزیشن قوم کے نام معنون
lتلنگانہ کی ترقی میں مرکز کے اقدامات کا تذکرہ ، سنگاریڈی میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔5۔مارچ۔(سیاست نیوز) وزیر اعظم ہندنریندرمودی نے ریاست تلنگانہ میں آج 7200 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہو ںنے آج بیگم پیٹ ائیر پورٹ پر قائم کئے جارہے سیول ایویشن ریسرچ آرگنائزیشن کو قوم کے نام معنون کرتے ہوئے اس کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے سنگاریڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کی ترقی کے ذریعہ ہی ملک کی مجموعی ترقی ممکن ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کی ترقی کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت ملک کے 140کروڑ عوام کو ترقی کے ثمرات پہنچا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک کی ترقی انفراسٹرکچر کی ترقی میں مضمر ہے اسی لئے مرکزی حکومت نے جاریہ سال کے بجٹ میں انفراسٹرکچر کی تیاری کے لئے جملہ 11لاکھ کروڑ روپئے کی رقم مختص کی ہے اور اس میں تلنگانہ کو بڑا حصہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت گذشتہ 10 برسوں سے تلنگانہ کی ترقی کے لئے اقدامات کو یقینی بنارہی ہے اور اسے ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے اقدامات میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم کے اس پروگرام میں گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن کے علاوہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ‘ ریاستی وزیر مسز کونڈا سریکھا اور دیگر موجود تھے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وہ آج تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات سڑک‘ ریل ‘ قدرتی گیاس اور پٹرولیم پراجکٹس کے افتتاح پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہو ںنے قومی شاہراہ نمبر 65 کی توسیع اور 29 کیلو میٹر تک پونے ۔ حیدرآباد شاہراہ کو 6ٹریک بنانے کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا علاوہ ازیں انہوں نے صنعت نگر ۔ مولیٰ علی ریل لائن کا افتتاح انجام دیا۔ نریندر مودی نے گھٹکیسر ۔لنگم پلی براہ مولیٰ علی ۔صنعت نگر ایم ایم ٹی ایس ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے انڈین آئیل پردیپ حیدرآباد پراڈکٹ پائپ لائن کی تنصیب کے کاموں کا افتتاح انجام دیا جو کہ اوڈیشہ میں 329‘ آندھراپردیش میں 723 اور تلنگانہ میں 160 کیلو میٹر گیاس کی سربراہی ومحفوظ منتقلی کے لئے استعمال کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت تمام ریاستوں کی مجموعی ترقی کے لئے ملک بھر میں انفراسٹرکچر کو فروغ دیتے ہوئے اسے بہتر اور عالمی معیار کا بنانے کے لئے سرگرم ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں انفراسٹرکچر کو بہتر بناتے ہوئے ترقی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔3