وزیراعظم نریندر مودی کے 4 اور 5 مارچ کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت

   

چیف سکریٹری شانتی کماری کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، عادل آباد اور سنگا ریڈی میں عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے وزیراعظم نریندر مودی کے 4 اور 5 مارچ کو دورہ تلنگانہ کیلئے مختلف محکموں کے عہدیداروں کا اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ باہمی تال میل سے موثر انتظامات کریں۔ چیف سکریٹری نے پولیس کو سیکوریٹی انتظامات ، امن و ضبط کی صورتحال اور ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ اہم شخصیتوں کے دورہ پر بلو بک رہنمایانہ خطوط کے مطابق انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ایرپورٹ اور وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر اترنے کے مقامات پر فائر انجن اور دیگر آتش فرو آلات نصب کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ صحت سے کہا گیا کہ وزیراعظم دفتر سے ربط کرکے طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ وزیراعظم کا قافلہ گزرنے کے راستوں پر سڑکوں کی مرمت کیلئے محکمہ آر اینڈ بی کو ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس و جی ایچ ایم سی حکام کو شہر میں وزیراعظم کے دورہ کے انتظامات تک زیادہ توجہ دینی ہوگی۔ محکمہ برقی سے کہا گیا کہ دورہ وزیراعظم کے موقع پر بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائے۔ وزیراعظم نریندر مودی 4 مارچ کو عادل آباد اور 5 مارچ کو سنگا ریڈی کا دورہ کرینگے۔ مختلف ترقیاتی پروگراموں کے آغاز کے علاوہ وہ دونوں اضلاع میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا ، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ناگی ریڈی ، سکریٹری پولیٹیکل رگھونندن راؤ ، سکریٹری ہیلت کرسٹینا زنگٹو ، سکریٹری برائے گورنر سریندر موہن ، کمشنر اطلاعات ہنمنت راؤ ، کمشنر بلدیہ رونالڈ راس ، صدرنشین و ایم ڈی پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی اور دیگر نے شرکت کی۔ ، عادل آباد اور سنگا ریڈی کلکٹرس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس میں شریک رہے۔ 1