وزیرستان میں سیکوریٹی فورسز کی کارروائی، 6 باغی ہلاک

   

کوئٹہ : افغانستان سے متصل پاکستانی سرحد کے قریب پاکستانی سیکوریٹی فورسز کی چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں چھ باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ٹانک اور شمالی وزیرستان میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 باغی مارے گئے ہیں۔ گزشتہ شب پاک فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ سیکوریٹی فورسز علاقہ کے کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہیں۔ فوج کی جانب سے اب تک ان عسکریت پسندوں کی شناخت اور ان کی کسی بھی عسکری گروہ سے وابستگی سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ تاہم اس علاقہ میں زیادہ تر عسکریت پسند تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ’پاکستانی طالبان‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔