وزیر اعظم مودی نے 6 وندے بھارت سمیت 8 ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا ئی

   

نوتعمیر شدہ ایودھیا ریلوے اسٹیشن اور ائیر پورٹ کا افتتاح،عوام سے خطاب
ایودھیا: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اتر پردیش کے شہر ایودھیا کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے یہاں روڈ شو کیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ ان کے استقبال کے لیے کھڑے ہوئے تھے۔ وزیر اعظم نے یہاں ازسرنو تعمیر شدہ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح بھی انجام دیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی ایودھیا سمیت یوپی کو 15000 کروڑ روپے کا تحفہ دیا۔اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور یوپی کے نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔وزیر اعظم مودی نے ایودھیا میں ایک گھنٹے تک روڈ شو کیا جس میں سڑک کے دونوں طرف لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی جہاں پروزیر اعظم نریندر مودی نے ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے دو نئی امرت بھارت اور چھ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے کئی دیگر ریلوے پراجکٹس بھی ملک کو وقف کیے ہیں۔ اس دوران ریلوے کے وزیر اشونی وشنو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔وزیر اعظم مودی کے دورہ ایودھیا کی وجہ سے شہر کی سیکورٹی کے انتظامات میں بھی اضافہ کیا گیا ۔ وزیر اعظم مودی نے ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشن، ہائی وے اور ریلوے لائن جیسے ترقی پذیر پراجکٹس کا افتتاح کرنے کے علاوہ چار بڑی سڑکوں کا بھی افتتاح کیا۔ ہوائی اڈے کا پہلا مرحلہ 1450 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا ٹرمینل 6500 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جہاں ہر سال 10 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت کی گنجائش ہے۔وزیر اعظم مودی نے دوپہر میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ 22جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر بھگت بڑی تعداد میں ایودھیا آنے کی کوشش نہ کریں۔ بعد میں اپنی سہولت سے درشن کو آئیں ۔پوری دنیا ہمارے ویدوں، اپنشدوں اور فلسفے کے سائنسی نقطہ نظر کو سمجھنا چاہتی ہے اور اسی وقت رام للا اپنے گھر میں براجمان ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی 22 جنوری کو ایودھیا جائیں گے اور وہاں سنتوں کی موجودگی میں رام للا کا تقدس ادا کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے ریاست کیلئے 15000 کروڑ روپے کے مختلف پراجکٹس کا آغاز کیا۔ اس میں ایودھیا اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی ترقی کیلئے 11,100 کروڑ روپے اور پورے یوپی میں دیگر پراجکٹس کیلئے 4,600 کروڑ روپے کے منصوبے شامل ہیں۔