وزیر خارجہ نے کہا- چین کے ساتھ رشتے نازک دور میں، سرحد کے حالات سے ہی طے ہوں گے تعلقات

   

ہندوستان نے ایک بار پھر عالمی اسٹیج سے چین کو کھری کھری سنائی ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے میونخ سیکورٹی کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ چین کے ساتھ ہندوستان کے رشتے اس وقت بے حد مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں اور اس کی وجہ چین کا سرحدی معاہدہ کی خلاف ورزی کرنا ہے۔ ایس جے شنکر نے دو ٹوک کہا کہ سرحد کی صورتحال سے ہی دونوں ممالک کے رشتے متعین ہوں گے۔ایس جے شنکر نے سیکورٹی کانفرنس میں پینل ڈسکشن کے دوران کہا کہ ہندوستان کو چین سے ایک پریشانی ہے۔ پریشانی یہ ہے کہ 45 سالوں تک ہندوستان-چین پر امن وامان تھا۔ 1975  کے بعد وہاں کسی فوجی کی جان نہیں گئی تھی۔ یہ سب اس لئے تھا کہ ہمارے درمیان فوجی معاہدے تھے، لیکن چین نے ان معاہدوں کی خلاف ورزی کی۔ جے شنکر نے کہا کہ سرحد پر جیسی صورتحال ہوگی، دونوں کے درمیان ویسے ہی تعلقات ہوں گے، یہ فطری ہے۔ واضح رہے کہ چین کے ساتھ تعلقات اس وقت بہت مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔