وقف ترمیمی بل پر پارلیمانی ورکنگ کمیٹی کا عنقریب دورہ حیدرآباد: ڈی کے ارونا

   

سماج کے مختلف طبقات سے رائے حاصل کرنے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ
حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) مرکز کے وقف ترمیمی بل 2024 کا جائزہ لینے والی پارلیمانی ورکنگ کمیٹی توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں حیدرآباد کا دورہ کرے گی ۔ محبوب نگر کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے اس کا انکشاف کیا۔ ڈی کے ارونا مشترکہ پارلیمانی ورکنگ کمیٹی کی رکن ہیں جو وقف ترمیمی قانون پر عوام کی رائے حاصل کر رہی ہے۔ ڈی کے ارونا کے مطابق پارلیمانی کمیٹی ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مسلم اداروں اور تنظیموں کی رائے حاصل کرے گی۔ توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں کمیٹی حیدرآباد پہنچے گی اور سماج کے مختلف طبقات سے مجوزہ وقف ترمیمی قانون پر رائے حاصل کرے گی۔ واضح رہے کہ ڈی کے ارونا گزشتہ دنوں نئی دہلی میں پارلیمانی کمیٹی کو تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی یادداشت کے موقع پر موجود تھیں۔ ڈی کے ارونا سے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین نے ملاقات کرتے ہوئے وقف ترمیمی قانون کے نقصانات سے واقف کرایا تھا۔ ڈی کے ارونا کے مطابق نئے بل سے غریب مسلمانوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا یہ بل کسی مذہب یا فرقہ کے خلاف نہیں ہے اور بعض گوشوں کی جانب سے بل کے خلاف مسلمانوں میں غلط فہمی پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقف قانون سے کئی کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ میدک ، ظہیر آباد ، نرسا پور اور دیگر علاقوں کے کسانوں نے مجھ سے نمائندگی کی کہ وقف بورڈ نے ان کی اراضیات پر دعویداری پیش کی ہے۔ 1