ووٹر سلپس کی اتوار تک صدفیصد تقسیم کو یقینی بنائیں

   

اسٹیٹ الیکشن کمشنر کی ہدایت، انتخابی مبصرین میں شاہنواز قاسم، عائشہ مسرت خانم بھی شامل

حیدرآباد : اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتاسارتھی نے 29 نومبر تک ووٹر سلپس کی صدفیصد تقسیم کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر، زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ہر کام کا ایک سے زائد مرتبہ جائزہ لینے کی ہدایت دی اور انہیں ہدایت دی کسی بھی قیمت پر اتوار تک صد فیصد ووٹر سلپس تقسیم ہوجانا چاہئے جن کی موت واقع ہوئی ہے یا کسی نے گھروں کو تبدیل کیا ہے یا گھروں میں نا رہنے والوں کی تفصیلات کو فہرست میں برقرار رکھنے پر زور دیا۔ پوسٹل بیالٹ ووٹوں کی تفصیلات ریٹرننگ آفیسرس کی نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کے علاوہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو دینے کی ہدایت دی۔ بیالٹ پیپرس کی اشاعت اور تقسیم میں کوئی غلطی ہونے نہ پائے۔ رائے دہی میں کسی بھی غفلت اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے 150 وارڈس میں ہر وارڈ میں ایک پولیس اسٹیشن کا انتخاب کرتے ہوئے اس میں ایک چہرہ شناس ٹکنالوجی کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ اس اجلاس میں انتخابی مبصرین مانکیا راج، دیواسینا، ایم پرشانتی، پرتی مینا، عائشہ مسرت خانم، اے سوتی بالا، بی بھیما، وی ایس این وی پرساد، شاہنواز قاسم، نوین کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔ رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے آل انڈیا ریڈیو، ایف ایم ریڈیو کے نمائندوں سے الیکشن کمشنر نے اپنے چیمبر میں ملاقات کی۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی 50 فیصد سے کم ریکارڈ ہونے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہیں ووٹرس میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا۔ گریٹر حیدرآباد کے ہر پولنگ بوتھ پر 500 ملی لیٹرس کے 5 سینی ٹائزرس بوتل رکھنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں اور انتخابی عملہ کیلئے 1.20 لاکھ کورونا کٹس سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہر پولنگ مرکز پر 10 کٹس سربراہ کئے جائیں گے۔