ووٹر فہرست کی جامع نظرثانی میں ہر ووٹر کی شمولیت ضروری: کلکٹر

   

سنگاریڈی ۔24 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر و ضلع انتخابی افسر پرتیک جین نے کہا ہے کہ بھارت الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR)-2026 پروگرام کا آغاز 25 جون سے ضلع سنگاریڈی میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ووٹر فہرست کو مزید درست، شفاف اور جامع بنانے کے مقصد سے اس خصوصی نظرثانی مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ضلع کے تمام اہل ووٹروں کی درست معلومات کا اندراج، ووٹر فہرست میں موجود غلطیوں کی اصلاح، نیز ناموں کے اضافہ، حذف اور تبدیلی کے عمل کو شفاف طریقے سے انجام دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 25 جون سے 24 جولائی تک ضلع بھر میں گھر گھر سروے (Enumeration) کیا جائے گا۔ اس دوران بوتھ لیول افسران (BLOs) ہر گھر کا دورہ کر کے ووٹروں کی تفصیلات کی تصدیق کریں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افسران کو مطلوبہ معلومات فراہم کر کے اس عمل میں بھرپور تعاون کریں۔گھر گھر سروے ؍ اینیومریشن: 25 جون تا 24 جولائی 2026- مسودہ ووٹر فہرست کی اشاعت31 جولائی 2026- دعوؤں اور اعتراضات کی وصولی: 31 جولائی تا 30 اگست 2026- دعوؤں اور اعتراضات کا تصفیہ: 28 ستمبر 2026 تک- حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت: یکم اکتوبر 2026ضلع کلکٹر نے سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، سماجی تنظیموں، رضاکارانہ اداروں اور نوجوانوں کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں انہوں نے خاص طور پر نئے ووٹ کا حق حاصل کرنے والے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے نام ووٹر فہرست میں درج کروانے کو یقینی بنائیں۔پرتیک جین نے کہا کہ ووٹر فہرست جمہوری نظام کی بنیاد ہے اور اس کی درست تیاری میں ہر شہری کی شرکت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے بوتھ لیول افسران کو مکمل اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ ووٹر فہرست کو شفاف اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔