ووٹر لسٹ میں نام درج کروانا ہر شہری کی اہم ذمہ داری

   

بی ایل اوز کو صحیح معلومات فراہم کرنے عوام سے اپیل، سنگاریڈی میں بیداری پروگرام سے ضلع کلکٹر و ایس پی کا خطاب
سنگاریڈی 25 جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پریتوش پنکج نے کہا ہے کہ جمہوری نظام میں ووٹ کا حق جتنا اہم ہے، نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے منشیات سے پاک معاشرہ اتنا ہی ضروری ہے۔خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی پروگرام (SIR-2026) کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے اور منشیات کے خاتمے کا پیغام عام کرنے کے مقصد سے ضلع کلکٹریٹ سے آئی بی گیسٹ ہاؤس تک جمعرات کو منعقدہ 2 کلو میٹر دوڑ (2K رن) کا دونوں عہدیداروں نے جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ ہر اہل شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا نام ووٹر فہرست میں درج کروائے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی کے ذریعے ووٹر فہرستوں کو مزید شفاف اور درست بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر کے طور پر اندراج کروائیں اور نام، پتہ یا دیگر تفصیلات میں تبدیلی کیلئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کی جانب سے دیا گیا ووٹ کا حق ایک طاقتور ہتھیار کی مانند ہے اور انتخابی عمل پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں درست ووٹر فہرست اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کلکٹر نے بتایا کہ آج سے بوتھ لیول افسران (BLOs) گھر گھر جا کر اندراجی فارم تقسیم کریں گے، لہٰذا عوام صحیح معلومات فراہم کر کے اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پولیس کو عوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ اس 2K رن میں ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر پانڈو، ریونیو ڈویڑنل افسران، تحصیلدار، مختلف محکموں کے ضلعی افسران، سرکاری ملازمین، پولیس اہلکار، اساتذہ، طلبہ، نوجوان، ثقافتی فنکار، رضاکار تنظیموں کے نمائندے اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔