نیو یارک: امریکی صدارت اور کانگریس کے انتخابات میں 10 روز سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور مسلمان ووٹرز کا کہنا ہے کہ امریکی حمایت اور امداد سے اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں تباہی کے باوجود ڈونلڈ ٹر مپ اور کملا ہیرس مسلمان ووٹرز کی حمایت کیلئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔امریکی صدارت کے لیے ڈیمو کریٹ امیدوار کملا ہیریس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان امریکی امریکی ووٹرز میں عوامی مقبولیت کا تازہ گراف بھی یکساں طور پر 48فی صد اور48فی صد پر آگیا ہے ۔تازہ ترین سروے دونوں امیدواروں کی یکساں مقبولیت سخت مقابلہ اور غیر یقینی نتیجہ کی غماز ی کررہا ہے ۔ جیت اور ہار کے نتائج اُن سات امریکی ریاستوں پر مرکوز ہیں جنہیں اصل میدان جنگ اور غیر یقینی (Swing) اسیٹٹس کا نام دیا گیا ہے جن میں پنسلوینیا، مشی گن، ایری زونا ، وسکانسن، جارجیا، نارتھ کیر ولینا اور نیواڈا شامل ہیں۔مجموعی طور پر 93 الیکٹورل ووٹوں کیلئے دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلہ ہوگا۔ جو صدارتی امیدوار جس ریا ست میں عوامی ووٹوں کی اکثریت حاصل کرے گا اُس کو اس ریاست کے طے شاہ تمام الیکٹورل ووٹ حاصل ہو جائیں گے اور امریکہ بھر میں 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار منتخب امریکی صدر ہوگا۔