ٹورسٹ ویزا پر ہندوستانیوں کا یو اے ای میں داخلہ

,

   

روانگی سے قبل اور پھر یو اے ای ایرپورٹ پر ریاپڈ پی سی آر ٹسٹ کی شرط

دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ٹورسٹ ویزے جاری کرے گا بشرطیکہ وہ گزشتہ 14 دنوں میں اس ملک میں نہ رہے ہوں۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے مقامی میڈیا رپورٹس کے حوالہ سے کہا کہ ہندوستان کے علاوہ یہ سہولت نیپال، نائجیریا، پاکستان، سری لنکا اور یوگانڈا کے شہریوں کو بھی حاصل رہے گی۔ اس اقدام کا پس منظر یو اے ای کی سفری تحدیدات میں بتدریج نرمی لانے کی کوشش ہے۔ نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اس پیشکش کے تحت پرواز کرنے والے تمام مسافرین کو روانگی کے دن اور پھر 9 یوم بعد بھی پالیمریز چین ری ایکشن (پی سی آر) ٹسٹ سے گزرنے کی شرط رہے گی۔ موجودہ طور پر صرف امارات کے شہری اور ٹرانزٹ پاسنجرس کو ہی یو اے ای کیلئے پرواز کرنے کی اجازت ہے۔ یو اے ای میں کوروناوائرس سے فوت ہونے والوں کی تعداد 2018 تک پہنچ چکی ہے اور جانس ہاپکنس یونیورسٹی کے مطابق مجموعی متاثرین 708302 ہوچکے ہیں۔ تازہ رہنمایانہ خطوط سے ایک روز قبل ہفتہ کو یو اے ای نے کہا تھا کہ ہندوستانی مسافرین اپنی روانگی سے 4 گھنٹے کی بجائے اب 6 گھنٹے قبل ریاپڈ پی سی آر ٹسٹ کراسکتے ہیں۔ یو اے ای نے یہ ٹسٹ مذکورہ بالا دیگر ملکوں کے مسافرین کیلئے بھی لازمی قرار دیا ہے۔ یو اے ای نے ان ہندوستانی شہریوں کیلئے آمد پر ویزا جاری کرنے کی سہولت کا احیا بھی کردیا ہے جن کے پاس امریکہ، برطانیہ یا یوروپی یونین کے کسی رکن ملک کا جاری کردہ ویزا یا ریسیڈنٹ پرمٹ موجود ہو۔ ابوظہبی اور راس ال خیمہ ایرپورٹس پر پہنچنے والے مسافرین کیلئے راس ال خیمہ میں آمد پر 10 روزہ ہوم کورنٹائن اور ابوظہبی میں 12 روزہ ہوم ؍ ہوٹل کورنٹائن لازمی ہے۔ نیز مسافرین کو طبی طور پر مسلمہ رِسٹ بینڈ لگانا ہوگا جو ایرپورٹ پر امیگریشن کلیرنس کے بعد حکام فراہم کریں گے۔ پاسنجرس کیلئے Alhosn ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اس پر یو آئی ڈی اور فون نمبر استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کرانا لازمی رہے گا۔