ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض ہنمنت راؤ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات

   

ہر سطح پر خیال رکھنے کا تیقن، پارٹی کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنے سینئر قائد کا اتفاق
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) کھمم لوک سبھا حلقہ سے پارٹی ٹکٹ کی مساعی میں ناکامی سے ناراض سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ کو منانے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ملاقات کی۔ ہنمنت راؤ نے ہائی کمان سے کھمم لوک سبھا ٹکٹ کا مطالبہ کیا اور گذشتہ دنوں انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کو ٹکٹ میں رکاوٹ کیلئے ذمہ دار قراردیا تھا۔ ہنمنت راؤ کی مسلسل ناراضی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی کو ذمہ داری دی کہ سینئر کانگریسی قائد سے ملاقات کریں۔ دونوں نے ہنمنت راؤ سے ملاقات کی اور انہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کا مشورہ دیا۔ ہنمنت راؤ نے ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور ٹکٹ سے محرومی پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں کانگریسی ہیں اور پارٹی کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں لیکن دیگر پارٹیوں سے آنے والے قائدین کو اہمیت دی جارہی ہے۔ گذشتہ ایک عرصہ سے پارٹی سرگرمیوں سے دور ہنمنت راؤ کو چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔ چیف منسٹر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ ہر طرح سے ان کا خیال رکھیں گے اور ہائی کمان کو ان کے جذبات سے واقف کروائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ تمام قائدین کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں لوک سبھا الیکشن میں 14 نشستوں پر کامیابی کیلئے تمام قائدین کا تعاون درکار ہے۔ ملاقات کے بعد ہنمنت راؤ نے پارٹی کی کامیابی کیلئے مہم چلانے سے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر اور ہنمنت راؤ کی ملاقات کے بعد امید کی جارہی ہے کہ دیگر ناراض قائدین سے بھی چیف منسٹر ملاقات کریں گے۔1