ٹیوشن کیلئے والدین کے دباؤسے تنگ آکر طالبہ کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) ٹیوشن کیلئے والدین کے دباؤ سے تنگ آ کر ایک طالبہ نے 15 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ سائبرآباد کے علاقہ چندانگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک 12 سالہ لڑکی اہانہ نے اپارٹمنٹ کی 15 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اہانہ نلہ گنڈلہ علاقہ کے ساکن سندیپ کی بیٹی تھی۔ سندیپ پیشہ سے آئی ٹی ملازم ہے جو گذشتہ 6 ماہ قبل نلہ گنڈلہ علاقہ میں منتقل ہوا تھا۔ اس خاندان کا تعلق ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے۔ جو 10 سال قبل حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور آئی ٹی کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔ اہانہ نیلہ پور میں واقع گلینڈیل اسکول کی 6 ویں جماعت میں زیرتعلیم تھی اور اپارٹمنٹ میں موجود ٹیوشن سنٹر میں میاتھس کا ٹیوشن لیا کرتی تھی۔ لڑکی کو ٹیوشن کلاس میں شرکت کرنا پسند نہیں تھا اور اس نے اپنے والدین سے کہہ دیا تھا کہ وہ ٹیوشن نہیں جائے گی۔ اس بات پر والدین برہم ہوگئے اور لڑکی کو ٹیوشن لازمی قرار دیا۔ کل اسکول سے گھر واپس ہونے کے بعد لڑکی نے 15 ویں منزل کی بالکونی سے چھلانگ لگادی اور برسرموقع ہلاک ہوگئی۔ پولیس چندانگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع