ٹی آر ایس حکومت صرف ایک سال کی مہمان : ریونت ریڈی

   

12 ماہ میں کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کردیا جائے گا
کانگریس حکومت کی تشکیل کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ سال ریاست میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ورنگل ڈیکلریشن پر صدفیصد عمل کیا جائے گا۔ کانگریس کے رچہ بنڈہ پروگرام کا پروفیسر جئے شنکر کے آبائی گاؤں سے آغاز کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے ورنگل کے جلسہ عام سے جو وعدے کئے ہیں اس کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ اس ڈیکلریشن کو عوام بالخصوص کسانوں تک پہنچانے کیلئے کانگریس پارٹی نے رچہ کنڈہ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدوں کو نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کسانوں کے قرضے ابھی تک معاف نہیں ہوئے ہیں۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی اندرون ماہ کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کئے جائیں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ کیلئے پروفیسر جئے شنکر کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے ان کی خدمات سے بھرپور استفادہ کیا مگر ان کے آبائی گاؤں میں آنجہانی قائد کا مجسمہ نہ لگانے پر ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بہت جلد کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کردیا جائے گا۔ اکم پیٹ گاؤں کے ترقی کی ذمہ داری کانگریس قبول کرے گی۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد راہول گاندھی کو اس گاؤں کا دورہ کرایا جائے گا۔ انہوں نے ترقیات کے نام پر کسانوں کی اراضیات زبردستی چھین لینے کی سخت مذمت کی۔ ضرورت پڑنے پر کسانوں کے ساتھ مل کر کانگریس پارٹی احتجاج کرے گی۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے پر اس گاؤں کو مثالی گاؤں میں تبدیل کردیا جائے گا۔ن