ٹی ایم سی رکن اسمبلی اور دیگر کے ٹھکانوں اور دفاتر پر دھاوے

   

نئی دہلی۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے جمعہ کے دن بتایا کہ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان کے ڈی سنگھ کی سرکاری رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر دھاوا کرکے 32 لاکھ روپئے اور 10 ہزار امریکی ڈالر ضبط کئے گئے۔ یہ دھاوے ناجائز طریقہ سے روپیہ کمانے کی تحقیقات کے ضمن میں سنگھ اور دوسرے لوگوں کے خلاف کئے گئے ہیں۔ ای ڈی نے بتایا کہ جمعرات کے دن دہلی اور چندی گڑھ کے سات مقامات پر دھاوا کیا گیا جس میں الیکمسٹ گروپ کی 14 کمیٹیوں کے دفاتر بھی شامل ہیں جن کا تعلق سنگھ سے ہے اور ان پر سنگھ ہی کا کنٹرول ہے۔ کے ڈی سنگھ راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ یہ دھاوے ایسے وقت کئے گئے ہیں جب ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ دیگر لوگوں سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔ جمعرات کو ای ڈی کے بعض عہدیداروں نے بتایا کہ یہ دھاوے انسداد حصول ناجائز دولت کے ایکٹ کے تحت کئے گئے تاکہ مزید شہادتیں اکٹھا کی جاسکیں۔