ٹی وی اداکارہ دپیکا سنگھ کی ماں کوویڈ۔ 19 سے متاثر۔ دہلی سرکار سے مدد کی اپیل

,

   

ممبئی: چھوٹے پردہ کا مشہور سیریل دیا اور باتی ہم کی اداکارہ دپیکا سنگھ نے جمعہ کے روز دہلی سرکار اور وزیر اعلی دہلی اروند کیجریوال سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی ماں کورونا وائرس سے مثبت پائی گئی ہیں۔ انہوں نے شوشیل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے یہ اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ان کی ماں جن کی عمر 59 سال ہے۔وہ دہلی کے پہاڑ گنج آریا نگر علاقہ میں میرے والد کے ساتھ رہتی ہیں۔ کچھ دن قبل لیڈی ہارڈنگ ہاسپٹل میں ان کا کورونا کا ٹسٹ کیاگیا جس میں ٹسٹ مثبت آئے ہیں، لیکن رپورٹس میرے والد کے حوالہ نہیں کی گئی ہیں۔ صرف میرے والد سے کہا گیا کہ رپورٹس کی فون میں تصویر لے لیں۔ میرے والد کے موبائل پرواٹس ایپ کی سہولت نہیں ہے۔

 

اداکارہ نے بتایا کہ وہ ممبئی میں رہتی ہیں اور ان کا ایک بچہ بھی ہے۔ ان کیلئے یہاں سے دہلی جانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی فیملی جوائنٹ فیملی ہے۔ان کی فیملی جملہ45 افراد پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نہیں جانتی کہ وہ اس وائرس سے کیسے متاثر ہوگئی ہیں جبکہ وہ گھر سے نکلتی بھی نہیں ہیں۔ ان کی دادی کو بھی سانس لینے کی تکلیف کی شکایت ہورہی ہے اور ان کے والد بھی اس سے مشتبہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے خاندان کے سبھی افراد کا ٹسٹ کیا جانا بہت ضروری ہے۔ ٹسٹ کی رپورٹ موصول نہ ہونے پر مزید ٹسٹ کیسے کروائے جائیں۔ کوئی ہاسپٹل انہیں شریک کرنے انکار کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ماں بہت کمزوری محسوس کررہی ہیں۔ہمیں ان کا جلد علاج کروانا ضروری ہے۔دپیکا سنگھ نے بتایا کہ میں نے جس ہاسپٹل سے بات کی ہے سب نے یہی کہا کہ یہاں پر بیڈس مکمل ہوچکے ہیں۔دواخانہ میں شریک نہیں کیاجاسکتا ہے۔مریضہ کو گھر پر ہی رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا گھر پر رکھنا خطرہ سے خالی نہیں ہے۔ گھر میں دیگر 45 ارکان خاندان بھی اس کی زد میں آسکتے ہیں۔ دپیکا سنگھ نے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال اور دہلی حکومت سے درد مندانہ اپیل کی کہ وہ ان کی اس سلسلہ میں مدد کریں۔ واضح رہے کہ دہلی میں کورونا وائرس کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔