ٹی وی شو تنازعہ ،پانڈیا کا گھر سے نکلنا بھی مشکل ہوگیا

   

نئی دہلی ۔18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )کافی وتھ کرن شو میں خواتین کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے بعد ہاردک پانڈیا کو نہ صرف آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز سے ہٹادیاگیا بلکہ نیوزی لینڈ کے دورہ سے بھی انہیں باہر کردیا گیا ہے جبکہ ایسا ہی کچھ نوجوان اوپنر کے ایل راہول کے ساتھ بھی ہوا، جو کہ اس شو میں پانڈیا کے ساتھ موجود تھے۔ حالانکہ بی سی سی آئی کے نوٹس کے بعد دونوں نے بلاشرط معافی مانگ لی۔ ویسے کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹیرس (سی او اے ) نے ان دونوں پر دومیچوںکی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی ، لیکن بی سی سی آئی نے فی الحال ان کی سزا کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ جہاں تنازعہ کے بعد کئی اشتہارات نے پانڈیا سے ہاتھ کھینچ لیا تو ممبئی کے کھار جمخانہ کلب نے بھی ان کی اعزازی رکنیت ختم کردی ہے ان تمام کے علاوہ اس تنازعہ میں ایک اور نیا موڑ آگیا ہے۔ پانڈیا کے والد نے کہا کہ وہ ( ہاردک ) حالیہ تنازعہ کے بعد گھر سے باہر نہیں نکل رہا ہے اور نہ ہی کسی کا فون اٹھا رہا ہے۔ سچ کہا جائے تو ہاردک نے سوشل میڈیا کا استعمال بھی بندکردیا ہے۔ انہوں نے مکرسنکرانتی بھی نہیں منائی۔ ہاردک کا خاندان گجرات کے بڑودہ سے تعلق رکھتا ہے اور گجرات میں اس تیوہار کی کافی اہمیت ہے۔ ہاردک کے والد ہمانشو نے مزید کہا کہ یہ تیوہار ہے ، گجرات میں عوامی تعطیل رہتی ہے ، لیکن ہاردک پتنگ نہیں اڑا رہا ہے ، اس کو پتنگ اڑانا پسند ہے لیکن اس کو کرکٹ کی مصروفیات کی وجہ سے گھر پر رہنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ اس مرتبہ وہ گھر پر ہے اور اس کے پاس پتنگ اڑانے کا موقع تھا لیکن عجیب صورتحال کی وجہ سے وہ تیوہار منانے کے موڈ میں نہیں رہا۔ ہمانشو نے کہا کہ وہ پابندی سے کافی مایوس ہے اور ٹی وی پر اس نے جو کہا اس پر وہ شرمندہ بھی ہے۔ اس نے ایسا دوبارہ نہ کرنے کی قسم کھائی ہے جبکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس مسئلہ پر اس سے بات نہیں کریں گے۔ اس کے بڑے بھائی کرونال پانڈیا نے بھی اس پر بات نہیں کی ہے اور کہا کہ ہم بی سی سی آئی کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں۔