پارلیمنٹ غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی ، مختصرسیشن ختم

   

کورونا قبل از وقت اختتام کا سبب ۔حکومت راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے بغیر کئی بل منظور کرانے میں کامیاب

نئی دہلی: پارلیمنٹ کا مانسون سیشن چہارشنبہ کو یکایک اختتام پذیر ہوا۔ اس اجلاس کو قانون سازوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق تشویش کے درمیان 7 یوم کی کٹوتی کے ساتھ ختم کردیا گیا ۔ آج کی کارروائی میں راجیہ سبھا نے مختلف بل منظور کئے ہیں جبکہ لوک سبھا نے بھی بندرگاہوں سے متعلق بل منظور کیا۔ مانسون سیشن میں حکومت اس اعتبار سے کامیاب رہی کہ اپوزیشن کی تمام تر مزاحمت کے باوجود وہ بالخصوص ایوان بالا میں کئی اہم بلس منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ خاص کر دو زرعی کی منظوری پر اپوزیشن نے کافی ہنگامہ کیا لیکن بل کی منظوری کو ٹال نہ سکی۔ کورونا کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر راجیہ سبھا کے 252 ویں اجلاس کی کارروائی چہارشنبہ کو مقررہ مدت سے قبل غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مانسون اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے سے قبل اپنے اختتامی بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کے پیش نظر ایوان کی کارروائی متعینہ مدت یکم اکتوبر سے پہلے آج ہی ملتوی کی جارہی ہے ۔ سیشن کا آغاز 14 ستمبر کو خصوصی حفاظت اور صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کے ساتھ کیا گیا تھا۔ نائیڈو نے کہا کہ متعینہ شیڈول کے مطابق اس اجلاس میں ایوان کی 18 میٹنگیں ہونی تھیں لیکن صرف 10 میٹنگیں ہوسکی ہیں۔ انہوں نے اجلاس کی کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن ایوان میں حزب اختلاف کے رویے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اس طرح کا ناجائز سلوک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران 25 بل منظور ہوئے اور 6 پیش کئے گئے ۔ وقفہ صفر کے دوران 92 اور خصوصی معاملات کے تحت 62 اٹھائے گئے ۔ اس کے علاوہ، وزیر دفاع نے چین کی سرحد پر صورتحال اور وزیر صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کو کورونا وبا کے حوالے سے ایک بیان دیا۔