پارٹیوں کی اہمیت ہوتی ہے : تلنگانہ میں گذشتہ 57 سال سے کسی آزاد امیدوار نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کی

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں گذشتہ 57 برسوں میں کسی آزاد امیدوار نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کی ۔ 1952 سے دستیاب الیکشن ڈیٹا کے مطابق تلنگانہ کے تمام 17 حلقوں میں صرف حلقہ لوک سبھا نظام آباد میں ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ وہی حلقہ لوک سبھا ہے جہاں سے 2019 میں 180 سے زائد کسانوں نے آزاد امیدواروں کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا جو سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر بی آر ایس کی ایم ایل سی کے کویتا کی شکست کی ایک وجہ تھی ۔ ایم نارائن ریڈی 1967 میں نظام آباد سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے واحد آزاد امیدوار تھے ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار ہریش چندرا کو 20,245 ووٹ کے فرق سے شکست دی تھی ۔ 1962 میں منعقدہ انتخابات میں ہریش چندرا نے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے نارائن ریڈی کو 27,020 ووٹ کے فرق سے شکست دی تھی ۔۔