پارٹی تبدیل کرچکے ناگیندر کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے

   

بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی اسپیکر اسمبلی سے ملاقات ، تحریری یادداشت پیش
حیدرآباد : 18 مارچ ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے آج اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی تبدیل کرتے ہوئے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری یاداشت پیش کی ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے وفد میں بی کوشک ریڈی ، کے وینکٹیش ، ایم گوپال ، بنڈارو لکشما ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ واضح رہے کہ اسمبلی حلقہ خیریت آباد کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تلنگانہ کانگریس اُمور کی انچارج دیپا داس منشی کے علاوہ دوسرے کانگریس قائدین کی مو جودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ اسپیکر اسمبلی کو یادداشت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پی کوشک ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے ڈی ناگیندر نے پارٹی سے غداری کی ہے اور سیاسی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو دھوکہ دیا ہے جس پر پارٹی نے اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی نمائندگی کی ہے ۔ اسپیکر اسمبلی نے تحریری یادداشت کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ کوشک ریڈی نے چیف منسٹر کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر دوسری پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو پتھروں سے حملہ کیا جائے ۔ اب بی آر ایس سے کامیابی حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں کیوں شامل کیا جارہا ہے ۔ استفسار کیا ، چیف منسٹر کو تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کر بات کرنے کا مشورہ دیا ۔ 2