پانچ فیصد تحفظات کیلئے گجروں کا آٹھ روزہ ایجی ٹیشن ختم

,

   

قانونی رکاوٹ پر بر ادری کا ساتھ دینے حکومت کے تحریری تیقن پر قائدین کا فیصلہ

جئے پور ۔ /16 فبر ور ی (سیاست ڈاٹ کام) گجر برادری نے حکومت راجستھان کے تیقن پر آج اپنا ایجی ٹیشن ختم کردیا ۔ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ گجر برادری کو پانچ فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے پیش کردہ بل پر پیدا ہونے والی کسی قانونی رکاوٹ کی صورت میں وہ ان کے ساتھ رہے گی ۔ گجر اور دیگر چار طبقات تعلیمی اداروں اور ملازمتوں میں پانچ فیصد تحفظات کی فراہمی کے مطالبے کے ساتھ گزشتہ آٹھ دن سے احتجاج کررہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے راجستھان کے متعدد مقامات پر شاہراہوں کی ناکہ بندی کردی تھی اور ریلوے پٹریوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں ۔ گجر لیڈر کروڑی سنگھ بینسلہ کے بیٹے وجئے بینسلہ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’ اس برادری کی تشویش کے ازالے پر ہم چیف منسٹر کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ حکومت سے ہمیں یہ تحریری تیقن موصول ہوا ہے کہ اس کی طرف سے منظورہ بل کو کوئی قانونی رکاوٹ درپیش ہونے کی صورت میں وہ اس برادری کا مکمل ساتھ دے گی ‘ ۔ ریاستی وزیر سیاحت وشویندر سنگھ نے اس تعطل کے خاتمے کے لئے آج گجر برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی ۔

انہوں نے جمعہ کو بھی ان گجر قائدین کے وفد سے ملاقات کیا تھا لیکن بات چیت مکمل نہیں ہوسکی تھی کیونکہ وہ اس بات پر حکومت سے تحریری تیقن دینے کا مطالبہ کررہے تھے کہ کسی قانونی رکاوٹ کی صورت میں ان کا ساتھ دیا جائے گا ۔ شاہراہوں اور ریلوے پٹریوں پر کروڑی بینسلہ کے ایک ہفتہ طویل ایجی ٹیشن کے سبب مسافرین کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ شمال مغربی ریلوے کے ترجمان کے مطابق 64 ٹرینیں منسوخ ، کردی گئی تھیں ۔ 71 کے راستے تبدیل کئے گئے تھے اور دیگر 32 ٹرینیں جزوی طور پر منسوخ کی گئی تھیں ۔ مغربی ریلویز کی دیگر 148 ٹرینیں منسوخ ہوئی تھیں ۔ 143 کے راستے تبدیل کئے گئے تھے ۔ گجر ، رائیگا ریباری ، گاڈیالوہار ، بنجارہ اور گڈریا طبقات کو تعلیم و روزگار میں پانچ فیصد تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے کروڑی بینسلہ کے حامیوں نے /8 فبروری سے ضلع سوائی مادھوپور کے علاقہ ملارنا ڈونگر کی ریلوے پٹریوں پر ایجی ٹیشن شروع کردیا تھا ۔ حکومت راجستھان چہارشنبہ کو ایک بل منظور کرتے ہوئے ان طبقات کیلئے تعلیم و روزگار میں پانچ فیصد تحفظات کی راہ ہموار کی تھی ۔