عہدیداروں کو زبانی ہدایت، خودکشی کے واقعہ کے بعد چیف منسٹر کی مداخلت
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ایک منٹ تاخیر سے پہنچنے پر امتحان لکھنے سے محروم طالب علم کی خودکشی کے واقعہ کے بعد حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ 5 منٹ کی تاخیر کی صورت میں امیدواروں کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔ عادل آباد میں انٹر فرسٹ ایئر کے طالب علم نے محض اس لئے خودکشی کرلی کہ اسے تاخیر سے پہنچنے پر امتحان ہال میں داخلہ سے روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ طالب علم کی خودکشی کے واقعہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تمام سرکاری امتحانات میں مقررہ وقت کی پابندی کی جاتی ہے تاکہ امیدوار ذمہ داری کے ساتھ امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امیدواروں کو ایک گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی اور 30 منٹ قبل انہیں امتحانی مرکز میں داخلہ دیا جارہا ہے۔ 8.45 بجے سے 9.00 بجے تک 15 منٹ امیدوار ضروری امور کی تکمیل کرتے ہیں اور ٹھیک 9.00 بجے امتحانی پرچہ حوالہ کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کی سماعت کے بعد چیف منسٹر نے انسانی ہمدردی کو پیش نظر رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بعض طالب علم کی تاخیر سے پہنچنے کی وجوہات حقیقی ہوتی ہیں۔ ٹریفک کے مسائل یا پھر سواری ملنے میں تاخیر سے امیدواروں کو بسا اوقات پہنچنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ کم از کم 5 منٹ تک امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی سہولت دی جائے اور اس بارے میں تمام امتحانی مراکز کے ذمہ داروں کو زبانی طور پر واقف کرایا جائے۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد تمام امتحانی مراکز کو پابند کیا گیا کہ پانچ منٹ تاخیر سے پہنچنے والے امیدوار کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج فرسٹ ایئر امتحان کے موقع پر شہر اور اضلاع میں کئی امتحانی مراکز پر تاخیر سے پہنچنے والے امیدوار کو داخلہ کی اجازت دی گئی ۔ واضح رہے کہ امتحان میں شرکت سے محرومی سے دلبرداشت ہوکر طلبہ کی جانب سے کسی انتہائی اقدام کو روکنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ماہرین نفسیات کے ذریعہ طلبہ کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کی مساعی کریں۔ 1
سرکاری فنڈز کا غلط استعمال ‘ سی ڈی پی او گرفتار
حیدرآباد ۔ یکم مارچ ( یو این آئی ) انسداد رشوت ستانی بیورو نے عادل آباد کے جینور میں انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز پراجیکٹ کی سابق چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسر اے سری دیوی کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔