پاکستان میں شدید بارش سے ہلاکتوں کی تعداد106 ہوگئی

,

   

اسلام آباد ۔پاکستان میں گزشتہ دنوں سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے ہونے والے حادثوں میں کم از کم 106 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوگئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے اس کی اطلاع دی۔پاکستان کا جنوبی صوبہ سندھ بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 34 افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے 24 مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ادھر ، صوبہ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز بتایا کہ صوبے میں بارش کی وجہ سے 80 افراد کی موت ہوئی ہے ، جس میں سے 47 افراد کی موت صوبے کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگست میں کراچی میں ریکارڈ 604 ملی میٹر بارش ہوئی ہے اور اس نے اس مہینے میں کئی برسوں کا بارش کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 29 افراد کی موت ہوئی ہے اور اتنے ہی لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ 196 مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔جنوب مغربی بلوچستان میں بھی بارش سے کافی نقصان پہنچا ہے ۔ یہاں سیکڑوں لوگوں کے گھر سیلاب میں بہ گئے جس سے یہ لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے کہاکہ 15 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور سات دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ 907 گھروں کو نقصان پہنچ ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ مشرقی صوبہ پنجاب میں 12 ،شمالی گلگٹ – بلتستان علاقے میں دس اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے چھ لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔