پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جولائی میں داخل ہوسکتی ہے: اسد عمر

   

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہیکہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جولائی میں داخل ہو سکتی ہے۔جمعہ کو ٹوئٹر بیان میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر کے سربراہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ مہربانی ایس او پیز کی پیروی کریں اور جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں۔‘این سی او سی کے میٹنگ میں مصنوعی ذہانت پر مبنی بیماری کے ماڈلنگ تجزیے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس وقت پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر چل رہی ہے تاہم پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔این سی او سی نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ ملک میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح تیزی سے گری ہے۔حالیہ دنوں میں پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی کمی بھی رپورٹ ہوئی تھی تاہم حکومت نے کہا تھا کہ اس نے چین سے مزید ویکسین منگوالی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3لاکھ 37 ہزار 248 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔اب تک ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ایک کروڑ 45 لاکھ 3ہزار 136 افراد کی ویکسینیشن ہوئی ہے۔پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ 29 فیصد رہی۔پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 152 ہے۔