پاکستان نے ہماری قیادت کو ہمیشہ کمتر جانا: سربراہ فضائیہ

   

ممبئی۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ آئی اے ایف ایرچیف مارشل بیریندر سنگھ دھنوا نے آج کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کی قومی قیادت کو کمتر سمجھا ہے اور انہوں نے بالاکوٹ فضائی حملوں کے دوران بھی یہی کچھ کیا۔ فضائیہ کے سربراہ جو اس ماہ کے اواخر سبکدوش ہورہے ہیں، انڈیا ٹوڈے کانکلیو میں مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہونا چاہئے کہ پاکستان ہمیشہ ہماری قومی قیادت کو خاطر میں نہ لانے کا رجحان رکھتا ہے۔ 1965ء کی جنگ میں انہوں نے لال بہادر شاستری کو کمتر سمجھا۔ انہیں کبھی توقع نہیں تھی کہ ہم نیا محاذ کھولتے ہوئے لاہور تک پہنچ جائیں گے اور پھر وہ کشمیر میں لڑتے ہوئے بھی تعجب میں پڑگئے۔ کارگل لڑائی میں بھی انہیں حیرت ہوئی۔ انہیں کبھی امید نہیں تھی کہ ہماری افواج بوفورس توپوں اور دیگر اسلحہ کے ذریعہ انہیں زیر کردیں گے۔ اس سال فروری میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب ہندوستان نے ایل او سی کے پار فضائی حملے کرتے ہوئے پاکستان کے اندرونی علاقے کے صوبہ خیبر پختون خواہ میں واقع دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کردیا۔