پاکستان کیلئے سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیئے

   

اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیے ہیں۔اسلام آباد میں جاری کردہ مختصر ویڈیو پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈپازٹ کر دیے ہیں، اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں کریڈٹ آ چکا ہے۔’’وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، اپنی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت بالخصوص خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ سعودی عرب حقیقی بھائی کی طرح اپنا کردار ادا کرتا ہے۔‘‘وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے 2 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں جمع کرانے سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، پاکستان کے معاملات بہتری کی طرف آ چکے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈیولپمنٹ ہوں گی، پاکستان کے معاملات استحکام کی طرف آ چکے ہیں، مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی طرف جائیں گے۔