پاکستان کی 18 سال میں افریقہ کیخلاف ٹسٹ سیریز کامیابی

   

راولپنڈی۔پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی ٹسٹ کے آخری دن 95 رنز سے شکست دیکر دو ٹسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔کھانے کے وقفے کے بعد مہمان ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوئی اور تواتر کے ساتھ اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔آخری دن کا کھیل جنوبی افریقہ نے 127 رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے شروع کیا تو اس کی دوسری وکٹ اسی اسکور پرگرگئی جب وین ڈر ڈیوسن 48 رنز بناکر آوٹ ہوئے، انہیں حسن علی نے بولڈ کیا۔مہمان ٹیم کو 135 کے اسکور پر تیسرا نقصان ڈوپلیسی کی وکٹ کا اٹھانا پڑا، انہیں بھی حسن علی نے آوٹ کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سنچری بنانے والے مارکہم کھانے کے وقفے کے فوری بعد108 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے جبکہ اگلی ہی گیند پر کپتان ڈی کاک بھی پویلین چلتے بنے۔جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ بوواکی تھی وہ 61 رنز بنا سکے، ساتویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی لینڈے تھے وہ 4 رنز بنا سکے۔مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ مہاراج اور نویں وکٹ ربادا کی تھی دونوں کھلاڑی کوئی رن نہ بنا سکے۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی ملڈر رہے، انہوں نے 20 رن اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی نے 5 ، شاہین شاہ نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔شاندار بولنگ پر حسن علی کو مقابلے کا اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری بار2003 ء میں ٹسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پاکستان نے موجودہ سیریز 2-0 سے جیت کر آئی سی سی درجہ بندی میں پانچواں مقام حاصل کر لیا ہے۔