پرانے شہر میں اقلیتوں کے جلسہ عام میں پرینکا گاندھی کو مدعو کرنے کا فیصلہ

   

مجلس کے خلاف راست مقابلہ، کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کا اجلاس، فرحان اعظمی اور شیخ عبداللہ سہیل کا خطاب
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے میناریٹیز ڈپارٹمنٹ نے ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میں مقامی جماعت مجلس سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کمیٹی کی عاملہ کا اجلاس آج اندرا بھون میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے انچارج فرحان اعظمی، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی پریم لال، رکنیت سازی کیلئے حیدرآباد کے انچارج ڈاکٹر روہن ریڈی اور پردیش کانگریس کمیٹی او بی سی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سریکانت گوڑ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرحان اعظمی نے واضح کیا کہ میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور موجودہ کمیٹی آئندہ انتخابات تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے شیخ عبداللہ سہیل سے خواہش کی کہ ضلعی سطح کی کمیٹیاں اور ڈپارٹمنٹ کے دیگر شعبہ جات کیلئے ناموں کو قطعیت دیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ 4 اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں رکنیت سازی مہم اور مستقبل میں حکومت کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت سازی کے سلسلہ میں اقلیتوں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں سے بڑی تعداد میں اقلیتوں نے رکنیت سازی قبول کی ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ پارٹی نے پرانے شہر میں مجلس کو سخت مقابلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلسی قیادت نے کانگریس پارٹی اور دیگر سیکولر طاقتوں کو ملک بھر میں نقصان پہنچایا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مجلس بی جے پی اور سنگھ پریوار کی بی ٹیم کی طرح کام کررہی ہے اتر پردیش کے حالیہ اسمبلی انتخابات اور دیگر ریاستوں میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے مخصوص حلقہ جات میں مقابلہ کررہی ہے۔ کانگریس نے مجلس کے مضبوط گڑھ میں اسے چیلنج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی چارمینار سے گاندھی بھون تک اقلیتوں کے مسائل پر عیدالفطر کے بعد پدیاترا کا اہتمام کیا جائے گا۔ جون اور جولائی میں تمام اضلاع میں جلسوں کے انعقاد کی تجویز ہے۔ حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو پرانے شہر کے کسی ایک اجلاس میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رمضان المبارک کے دوران کانگریس پارٹی کی جانب سے بڑی افطار پارٹی کا اہتمام ہوگا دن، تاریخ اور مقام کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت نے اقلیتوں کو نظرانداز کردیا ہے۔ 12 فیصد تحفظات کے وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی اور 6 مساجد کی شہادت کیلئے حکومت ذمہ دار ہے۔ر