پرچم کی توہین پربی جے پی لیڈرکے خلاف شکایت

   

بنگلورو، 17 اگست (آئی اے این ایس): کانگریس نے پیرکو بی جے پی کے رکن قانون ساز کونسل این روی کمار کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 15 اگست کو بنگلورو کے ملیشورم میں واقع بی جے پی دفتر میں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران قومی پرچم اور قومی ترانے کا احترام نہیں کیا۔کانگریس رہنما کشال ہاروے گوڑا کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں پرچم کشائی اور قومی ترانے کی پیشکش کے دوران روی کمارکے مبینہ طرز عمل پر اعتراض کیا گیا ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے قومی پرچم اور قومی ترانے کے لیے مطلوبہ احترام کا مظاہرہ نہیں کیا۔ شکایت کے مطابق، مبینہ واقعے کی ایک ویڈیو میں روی کمارکو آر ایس ایس کے انداز کے ’دھوج پرنام‘ سے مشابہ انداز میں کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسی دوران قومی پرچم لہرایا جارہا تھا اور قومی ترانہ بجایا جارہا تھا۔شکایت کنندہ نے پولیس سے ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لینے اور واقعہ سے متعلق حقائق کا تعین کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ بھی مطالبہ کیا کہ یہ معلوم کرنے کے لیے منصفانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں ۔