پرینکا گاندھی کو گورکھپور سے مقابلہ کروانے کا مطالبہ

,

   

گورکھپور 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) گورکھپور کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو یہاں سے مقابلہ کروایا جائے ۔ ضلع کانگریس یونٹ نے پرینکا کوعصر حاضر کی جھانسی کی رانی قرار دیا ۔ ضلع کانگریس نے دو پوسٹرس کے ذریعہ یہ مطالبہ کیا ہے ۔ یہ پوسٹرس چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کے اثر والے اس حلقہ میں سامنے آئے ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے 1998 سے 2017 تک اس حلقہ کی نمائندگی کی تھی ۔ پہلے پوسٹر میں کانگریس ورکرس نے مطالبہ کیا کہ پرینکا گاندھی کو 2019 لوک سبھا انتخابات میں گورکھپور سے امیدوار بنایا جائے ۔ پوسٹر میں 2017 میں بی جے پی امیدوار کی ضمنی انتخابات میں شکست کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔دوسرے پوسٹر میں پرینکا کو عصری حاضر کی جھانسی کی رانی قرار دیا گیا ہے ۔ دو دن قبل پرینکا کو کانگریس جنرل سکریٹری بناکرشمالی یو پی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جسکے بعد سے کانگریس کارکنوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے ۔

پرینکا کی آمد ‘ راہول کی ناکامی کا ثبوت : یو پی وزیر
متھورا 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) یو پی کے وزیر سریکانت شرما نے کہا کہ پرینکا گاندھی کو کانگریس کی جنرل سکریٹری بنایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ راہول گاندھی سیاست میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راہول گاندھی کی بہن پرینکا بھی ریاست میں کانگریس کے امکانات کو بہتر نہیں بناسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی ناکام نہیں ہوتے تو پھر پرینکا گاندھی کو پارٹی میں لانے کی ضرورت کیا ہوتی ۔ پرینکا گاندھی کانگریس میں نیا چہرہ نہیں ہیں اور وہ امیٹھی اور رائے بریلی میں 1998 سے انتخابی مہم کا حصہ بنتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا کی شمولیت سے کانگریس کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد سے بھی کانگریس کو اسی لئے دور رکھا گیا تھا ۔