پورنیا سیٹ چھوڑنا میرے لئے خود کشی : پپو یادو

   

پٹتہ: پپو یادو نے پورنیا سیٹ چھوڑنے کو اپنے لیے خودکشی قراردیا ہے۔ جمعرات کو میڈیا سے خصوصی بات چیت میں پپو یادو نے کہا کہ پورنیہ سیٹ چھوڑنا ان کے لیے خودکشی کے مترادف ہے۔ پورنیہ سیٹ کے لوگ میرے خاندان کی طرح ہیں۔ یہ بہارکا سیمانچل علاقہ ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں ہیں۔ میں نے یہاں سے چار بار الیکشن لڑا۔ میں نے پورنیہ کوکبھی اپنے دل سے جدا نہیں کیا۔ بہار کی پورنیہ سیٹ پر انڈیا اتحاد میں دراڑ تھمنے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ آر جے ڈی نے اس سیٹ سے بیما بھارتی کو ٹکٹ دیا ہے۔ پپو یادو بھی یہاں سے الیکشن لڑنے پر بضد ہیں۔ تاہم وہ مسلسل لالو یادو پر زور دے رہے ہیں کہ وہ دوبارہ سوچیں اور انڈیا اتحاد کو کمزور نہ کریں، کیونکہ مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ پپو یادو نے کہا کہ نہ تو مجھے ذات کی بنیاد پر کسی نے ایم ایل اے بنایا ہے اور نہ ہی ایم پی۔ لالو یادو نے کہا تھا کہ میں مدھے پورہ سے لڑوں گا، لیکن پورنیہ نہیں چھوڑوں گا۔ پپو یادو نے بتایا کہ وہ کچھ دن پہلے لالو یادو سے بھی ملے تھے، میں نے ان سے کہا تھا کہ میں ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہر مشکل میں آپ کا ساتھ دیا۔ اب میں تیجسوی کے ساتھ بڑے بھائی کی طرح کھڑا رہوں گا۔ اس نے یہ بھی مان لیا تھا اور مجھ سے کہا تھا کہ مدھے پورہ سے لڑوں۔ میری پارٹی میں آو ، تب میں نے کہا تھا کہ پورنیہ چھوڑنا خودکشی کے مترادف ہے۔ آج بھی میں اسی بات پر قائم ہوں۔