پولیس پارٹی کی پٹائی، کپڑے چاک کردیئے گئے،جشن میں مداخلت پر برہم افراد کی کارروائی

   

حیدرآباد۔ 9 فروری (سیاست نیوز) مہدی پٹنم کے علاقہ میں پولیس پارٹی کی پٹائی کردی گئی۔ جشن میں خلل پیدا کرنے پر برہم افراد نے پولیس کو اس قدر مار پیٹ کا نشانہ بنایا کہ ان کے کپڑے پھاڑ دیئے گئے۔ یہ واقعہ گزشتہ رات مہدی پٹنم کے علاقہ امباتھیٹر کے قریب ایک بستی میں پیش آیا۔ آصف نگر پولیس نے خاطیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ تاہم پولیس کی پٹائی کا یہ واقعہ شہریوں کے لئے تعجب اور تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف نگر پولیس ڈائل 100 پر حاصل ایک شکایت کا جائزہ لینے کے لئے بستی پہنچی انتہائی افسوس ناک بات یہ رہی کہ جن افراد نے پولیس پر حملہ کیا ان میں فائر سیفٹی سے وابستہ ایک کانسٹبل بھی شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آصف نگر کے سب انسپکٹر تیجا اپنے ماتحت کانسٹبلز کے ساتھ شکایت کا جائزہ لینے پہنچے جہاں رات دیر گئے شور شرابے کے سبب مقامی عوام نے شکایت کی تھی۔ جب پولیس کی ٹیم نے انہیں شور شرابہ بند کرنے کے لئے کہا تو نشہ کی حالت میں میں موجود افراد پولیس سے الجھ پڑے اور انہیں اس قدر مارپیٹ کا نشانہ بنایا کہ ان کے کپڑے پھاڑ دیئے گئے۔ پولیس پر حملہ کرنے والے افراد کی شناخت سرینواس، نوین اور وجئے کی حیثیت سے کرلی گئی جن میں ایک ملزم جوبلی ہلز فائر اسٹیشن کا ہیڈ کانسٹبل بتایا گیا ہے۔ آصف نگر پولیس انسپکٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ع