پولیس کانسٹبلس کی بروقت طبی امداد سے ایک شخص کی جان بچ گئی

   

ملگ ضلع کا ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل، جس شخص کو فوت سمجھا گیا اُسے CPR کے ذریعہ بچالیا گیا
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) ملگ ضلع میں 2 پولیس کانسٹبلس کی بروقت چوکسی کے نتیجہ میں ایک شخص کی جان بچ گئی۔ سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا جس میں پولیس کانسٹبلس کی جانب سے ایک شخص کی جان بچانے کی کوشش کے تحت CPR کی انجام دہی کو دکھایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لکشمن نامی ایک شخص راستہ سے گزرتے وقت اچانک طبیعت بگڑنے پر غش کھاکر گر پڑا۔ ابتداء میں مقامی افراد نے توجہ نہیں دی اور یہ سمجھا کہ قلب پر حملہ کے باعث موت واقع ہوئی ہے۔ اِسی دوران 2 پولیس کانسٹبلس مدھو اور مدھوکر جو قریب میں ڈیوٹی انجام دے رہے تھے متاثرہ شخص کو دیکھتے ہی آپہونچے اور CPR کے ذریعہ بیہوش شخص کو ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتداء میں قلب کی حرکت تقریباً بند دکھائی دے رہی تھی لیکن CPR کی انجام دہی کے بعد تنفس بحال ہوگیا۔ دونوں پولیس کانسٹبلس نے مذکورہ شخص کے ہوش میں آنے تک ہنگامی طور پر طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا۔ پولیس کانسٹبلس کی بروقت مدد کے نتیجہ میں ایک شخص کی جان بچ گئی۔ سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے پولیس کانسٹبلس کی زبردست ستائش کی جارہی ہے۔ ہوش میں آنے کے بعد مذکورہ شخص کو قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اُس کا علاج جاری ہے۔ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے دونوں پولیس کانسٹبلس کی بروقت مداخلت اور ایک شخص کی جان بچانے پر ستائش کی اور کہاکہ پولیس کانسٹبلس نے انسانی ہمدردی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔ اِس واقعہ سے اِس بات کا پتہ چلتا ہے کہ کسی بھی شخص کی اچانک طبیعت بگڑنے یا معمولی قلب پر حملہ کے نتیجہ میں CPR کے ذریعہ جان بچائی جاسکتی ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کے نتیجہ میں کئی افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ حکومت نے حالیہ عرصہ میں CPR کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے عوام کے درمیان باقاعدہ مہم چلائی تھی۔ حالیہ عرصہ میں پولیس ملازمین کی جانب سے CPR کے ذریعہ کئی افراد کی جان بچانے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر عوام کی جانب سے محکمہ پولیس اور اُس کے ملازمین کی ستائش کی جارہی ہے۔ 1