پولیس کو عوام کے تحفظ سے زیادہ ٹی آر ایس قائدین کی فکر

   

کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی کا الزام، حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے ملزمین کا ا نکاؤنٹر
حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ پولیس عوام کے تحفظ سے زیادہ ٹی آر ایس قائدین کے اشاروں پر کام کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ پولیس کا رویہ صرف ٹی آر ایس قائدین کے مفادات کی تکمیل اور ان کی حفاظت دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حالیہ عرصہ میں خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے 14 واقعات پیش آئے ، ان میں متاثرین کی اکثریت کا تعلق کمزور طبقات سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی نا کامی اور پولیس کے تساہل کے نتیجہ میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کے لئے ملزمین کا انکاؤنٹر کوئی حل نہیں ہے۔ حکومت کو واقعات کے تدارک پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لیڈی ڈاکٹر کے ارکان خاندان کی شکایت پر پولیس فوری کارروائی کرتی تو قتل کا واقعہ پیش نہ آتا ۔ جیون ریڈی نے ریاست میں شراب کی فروخت میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری سطح پر شراب کی فروخت میں اضافہ کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب نوشی کے نتیجہ میں خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ واقعات کا گہرائی سے جائزہ لیں تو تمام واقعات میں ملزمین شراب کے نشہ میں دھت تھے۔ انہوں نے کہا کہ دشا قتل کے معاملہ کے علاوہ دیگر واقعات کی آزادانہ تحقیقاتی ادارہ سے جانچ کی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ خواتین پر مظالم کے واقعات کی جانچ کیلئے مستقل طور پر فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے اپنی دوسری میعاد کا ایک سال مکمل کرلیا ہے لیکن عوامی مسائل کی یکسوئی میں وہ ناکام ہوچکی ہے ۔ جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے دشا قتل کے ملزمین کا قتل کردیا گیا ۔ انہوں نے ریاست میں خواتین کے قتل کے تمام واقعات کی عدالتی تحقیقات اور تمام واقعات کے لئے فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا۔ دشا قتل کیس میں پولیس کے تساہل کی عدالتی تحقیقات کی جانی چاہئے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو سلام کرنے سے پہلے جگن موہن ریڈی کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے حالات سے واقفیت حاصل کریں۔