پولیس کیلئے صحت، ہاؤزنگ، خاندانی بہبود کے اقدامات

,

   

ہرایک لاکھ شہریوں کیلئے صرف 222 ملازمین پولیس ایک بھاری ذمہ داری، یوم شہیدان پر امیت شاہ کا خطاب

نئی دہلی 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ امیت شاہ نے پیر کو کہاکہ ملازمین پولیس کے خاندانوں کی بھلائی، صحت اور کام کے بہتر ماحول کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے پابند وقت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہیدان پولیس کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد امیت شاہ نے پولیس اور نیم فوجی فورسیس کے مشترکہ کالم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خاکی وردی پوش مرد و خواتین کی طرف سے قوم کے لئے انجام دینے والی عظیم خدمات نے ہندوستان کو دنیا کے ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے اُبھرنے کو یقینی بنایا ہے۔ وزیرداخلہ نے مزید کہاکہ ہر ایک لاکھ شہریوں کے لئے پولیس اپنے 222 اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ایک غیرمعمولی کارنامہ انجام دے رہی ہے۔ یہ ایک لاکھ کے لئے خدمات انجام دینے والے اوسطاً 222 پولیس والوں کے منجملہ صرف 144 عملی طور پر اپنے مقررہ مقام پر بہ نفس نفیس سرگرم رہا کرتے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ 90 فیصد ملازمین پولیس روزانہ 12 گھنٹوں سے زائد وقت کام کیا کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ ان میں تین چوتھائی ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہفتہ وار تعطیل بھی نہیں لے سکتے۔ پولیس کے یادگاری دن امیت شاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ’پولیس کی بھلائی کے لئے میری حکومت بہت کچھ کی ہے اور مَیں یقین دلاسکتا ہوں کہ ہم مزید کام کریں گے۔ آپ کے لئے بہتر صحت، ہاؤزنگ ، خاندانی بہبود اور کام کے بہتر ماحول کو یقینی بنانے کے لئے معینہ وقت پروگرام کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔